پاکستان
09 اپریل ، 2012

لوڈ شیڈنگ سب کیلئے برابر ہوگی، دفاتر کے اوقات تبدیل کرینگے، وزیراعظم

لوڈ شیڈنگ سب کیلئے برابر ہوگی، دفاتر کے اوقات تبدیل کرینگے، وزیراعظم

لاہور … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی توانائی کانفرنس میں مسائل کے حل کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں، لوڈ شیڈنگ سب کیلئے برابر ہوگی، آئندہ گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کے بجائے دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کریں گے، حکومتی دفاتر میں ہفتے میں 5 دن کام ہوگا جس سے 700 میگا واٹ بجلی بچے گی، لوڈ شیڈنگ پر پنجاب کو پہنچنے والی تکالیف کا احساس ہے، اتفاق رائے سے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان خیالات کا اظہار قومی توانائی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرکلر ڈیٹ کا مسئلہ ورثے میں ملا، کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومتی دفاتر ہفتے میں 5 دن کھلیں گے، جس سے 700 میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ گھڑیاں ایک گھنٹے آگے کرنے کے بجائے دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کرینگے، موسم گرمااورسرما میں دفتری اوقات میں ترمیم کریں گے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ پرپنجاب کوپہنچنے والی تکالیف کا احساس ہے، اتفاق رائے سے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ توانائی کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بل بورڈز اور سائن بورڈز کو بجلی کی فراہمی روک کر بچت کی جاسکتی ہے، اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے بعد ہورڈنگز بندکرنے کا وقت بھی طے کرینگے، ہفتے کے سوا کاروباری مراکز رات 8 بجے بند کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گیس کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے مسائل ہورہے ہیں۔ میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے فوری کارروائی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، جس کیلئے قانون سازی بھی کریں گے۔

مزید خبریں :