12 مئی ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے قائدتحریک الطاف حسین کے قومی شناختی کارڈکے اجراء کی درخواست پر کارروائی کرنے پر وزارت داخلہ کی جانب سے لندن ہائی کمیشن میں تعینات نادراکے عملے کومعطل کرنے کی اطلاعات پرسخت افسوس کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزارت داخلہ کی جانب سے نادراکے عملے کے خلاف کارروائی کی اطلاع قائدتحریک الطاف حسین کوملی تو انہیں بھی انتہائی دکھ پہنچا ہے کہ موجودہ حکومت ایم کیوایم کے خلاف ایسے اقدامات پر کیوں اترآئی ہے جوملک میں مزید انتشار اور بے چینی کاسبب بنیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ ایم کیوایم موجودہ حکومت کے ان متعصبانہ اقدامات کے خلاف اپناآئینی ، قانونی اورجمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاجی مظاہروں پراترآئے لہٰذا ہم وزیراعظم نوازشریف سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ وزارت داخلہ کے حکام کی ان حرکات کانوٹس لیں اور نادرالندن کے عملے کوانتقام کانشانہ نہ بنایاجائے ، یہ سراسرظلم ہے، وزیراعظم نوازشریف کویہ بات نہیں بھولناچاہیے کہ انہیں بھی کس جبرکے عالم میں 9سال ملک سے باہر رہنا پڑا تھا ۔ الطاف حسین کرڑوں عوام کے محبوب رہنمااورقائدہیں اوروفاقی وزارت داخلہ ان کے قومی شناختی کارڈ کے بنیادی حق کے معاملے پر جوطرزعمل اختیار کررہی ہے وہ نہایت افسوسناک اورقابل مذمت ہے ،وزیراعظم اس کانوٹس لیں اور وزارت داخلہ کوہدایت کریں کہ وہ لندن میں نادراکے عملے کو اس بات کی سزانہ دیں کہ انہوں نے قائدتحریک الطاف حسین کے شناختی کارڈ کی درخواست پر کارروائی کیوں کی تھی۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاکہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیاجائے اور معطل کئے گئے عملے کوبحال کیاجائے ۔