13 مئی ، 2014
کراچی…سینئر صحافی کامران خان نے کہا ہے کہ جیو اور جنگ سے 32سال سے وابستہ ہوں ، ایجنڈا سیٹ ہوتا تو پتا ہوتا ، اگر عمران خان کا الزام سچ ثابت ہوجائے تو مستعفی ہوجائیں گے۔ کامران خان نے جنگ اور جیونیوز پر الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کونسے ایجنڈے کی بات کررہے ہیں جس کی انہیں 32 سالہ کیئرئیر میں کبھی ہوا نہ ہوئی۔ عمران خان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ، ورنہ اپنی سزا خود تجویز کردیں۔ عمران خان کے جنگ گروپ اور جیو پر الزامات کے جواب میں کامران خان نے کہا کہ وہ ان الزامات کو اپنے اوپر الزام تصور کرتے ہیں۔ لیکن وہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ 32 سالہ کیئرئیرمیں ادارے کے سربراہ کی طرف سے ان پر کسی مخصوص قسم کی خبر دینے یا کسی خبر کو روکنے کیلیے دباوٴ نہیں ڈالا گیا۔اپنے دعوے کی تائید میں مثال دیتے ہوئے کامران خان نے کہا کہ اس سے زیادہ آزادانہ پالیسی کیا ہوگی کہ وہ خود جیو پر بیٹھ کر ادارے کی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔کامران خان نے عمران خان کو بنا ثبوت الزامات سے بعض رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگرالزام سچ ہیں تو ہم سزا کے لیے تیار ہیں وگرنہ عمران خان بھی اپنی سزا خود بتادیں۔