پاکستان
15 مئی ، 2014

استحصالی عناصر الطاف حسین کو عوام سے دور رکھنا چاہتے ہیں،جنید فہمی

استحصالی عناصر الطاف حسین کو عوام سے دور رکھنا چاہتے ہیں،جنید فہمی

شکاگو…ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی ، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین وسیم زیدی، ثاقب محی الدین،توصیف خان، گل محمد، محمد ظہیر، علی حسن، وکیل جمالی اور عامر قاضی نے قائد تحریک الطاف حسین کےNICOP کارڈ اور پاسپورٹ کے اجراء میں رکاوٹیں ڈالنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے پاکستان کے آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو پاکستان کی سفری دستاویزات سے محروم رکھ کر انہیں ملک پر مسلط وڈیرانہ، جاگیردارانہ اور انتہا پسندانہ نظام کے خلاف جدوجہد کی سزا دی جارہی ہے، کوئی اگریہ سمجھتا ہے کہ قائد تحریک کو اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مخصوص شناختی کارڈ سے محروم رکھ کر وہ بحیثیت پاکستانی ان سے ان کی قومی شناخت چھین سکتا ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ الطاف حسین کی پاکستان سے محبت ، لگن اور خلوص کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ان سے پاکستانی ہونے کا حق کوئی طاقت نہ چھین سکتی ہے اور نہ ہی انہیں کسی سے پاکستانیت اور حب الوطنی کے سرٹفکیٹ کی ضرورت ہے، قائد تحریک کی پاکستان میں استحصالی نظام کے خلاف اور مظلوم و محروم عوام کے حق میں طویل جدوجہد نے ملک پر قابض 2% مراعات یافتہ طبقے کو حواس باختہ کر دیا ہے اور وہ اب اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے الطاف حسین کو پاکستان کی سرزمین اور عوام سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ایم کیو ایم امریکہ کی سینٹرل کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کے حق پرست عوام کے متفقہ قائد اور ملک میں تبدیلی کی آخری امید الطاف حسین کے خلاف سازشوں کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ورنہ پاکستان سمیت امریکہ اور دنیا بھر میں ایم کیو ایم کے کارکنان اور ہمدرد سراپا احتجاج ہوں گے اور الطاف حسین کا راستہ روکنے والوں کے بھاگنے کے راستے بند کر دئیے جائینگے۔آخر میں انہوں نے صدر ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کو فوری طور پرنائیکوپ کارڈ اور پاسپوٹ جاری کیا جائے۔

مزید خبریں :