پاکستان
10 اپریل ، 2012

کیمیکل کیس،وزیر اعظم کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو نوٹس جاری

کیمیکل کیس،وزیر اعظم کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو نوٹس جاری

اسلام آباد… سپریم کورٹ میں کیمیکل کوٹہ الاٹمنٹ کیس میں وزیر اعظم کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ چیف جسٹس افتخارچودھری کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران اے این ایف سے ہٹائے گئے بریگیڈئر فہیم اور انکی ساتھی ٹیم کے ارکان عدالت میں پیش ہوئے، بریگیڈئر فہیم کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایاکہ کیس کی تحقیقات کرنے والی اے این ایف کی تمام ٹیم کو تبدیل کردیا گیا ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا کیوں ہورہا ہے، شاید کوئی بڑا آدمی ملوث ہے، ایسی بات ہے تو مزید شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے۔ سماعت کے دوران بریگیڈئر فہیم نے عدالت کو بتایاکہ سابق سیکریٹری صحت خوشنود لاشاری نے کیمیکل کا کوٹہ الاٹ کیا تھا ، اس کیس میں انہیں اور وزیراعظم کے بیٹے علی موسی گیلانی کو بچانے کی کوششیں ہورہی ہیں،اے این ایف نے خوشنود لاشاری اور علی موسی گیلانی کو سمن جاری کئے،خوشنود لاشاری کی خواہش پر ان سے پی ایم ہاوٴس میں ملاقات کی، انہوں نے بتایاکہ نوٹس ملنے پر علی موسی گیلانی کے والد اپ سیٹ ہیں،اے این ایف اس کیس سے علی موسی گیلانی کو نکال دے ، بریگیڈئر فہیم نے کہاکہ انہوں نے خوشنود لاشاری کو کہاکہ وہ عدالت سے غیرجانبدرانہ تحقیقات کا وعدہ کرکے آئے ہیں ، کیا علی موسی گیلانی کو اس لئے چھوڑ دیا جائے کہ اسکا والد بڑا آدمی ہے ، بریگیڈئر فہیم نے کہاکہ سیکریٹری قانون اور تمام ریاستی مشینری اب تحقیقاتی ٹیم کے خلاف کھڑی ہے اور خوشنود لاشاری اور علی موسی گیلانی کو بچانے کی کوششیں ہورہی ہیں۔عدالت نے اے این ایف حکام کو بھی اپنے عہدوں پر برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

مزید خبریں :