26 مئی ، 2014
نئی دہلی…نریندر مودی نے بھارتی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا،حلف برداری کی تقریب۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون کے احاطے میں ہوئی۔اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔بھارتی صدر پرناب مکھرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب کی خاص بات یہ تھی اس میں پہلی بار سارک ممالک کے سربراہان کو بھی دعوت دی گئی۔پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف، افغان صدرحامدکرزئی، اسپیکر بنگلادیش اسمبلی شرمین چوہدری، سری لنکا کے صدر راجا پاکسے، بھوٹان کے وزیر اعظم کے علاوہ نیپالی وزیراعظم سشیل کوئرالہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔بالی وڈ کے ستارے بھی نریندرمودی کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے۔کانگریس کی سربراہ سونیاگاندھی اور راہول گاندھی کے علاوہ سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ میں تقریب میں شامل تھے۔تقریب کے اختتام پر وزیرِ اعظم نواز شریف سمیت دیگر مہمانوں نے نریندر مودی کو مبارکباد دی۔