پاکستان
20 جون ، 2014

شیخ رشید اور راجہ پرویز کی الطاف حسین سے گفتگو وتعزیت

لندن........عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشیداحمد نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکےقائد تحریک الطاف حسین سے بات چیت کی اور حق پرست رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیااور کہاکہ میں نے اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی خواتین کو گولیوں کا نشانہ بنتے نہیں دیکھا ہے ، موجودہ دورحکومت میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف اور تحریک منہاج القرآن کی خواتین کا بہیمانہ قتل سراسر ظلم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں عوامی مسلم لیگ ، آپ اور تمام سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوںنے طاہرہ آصف شہید کے بلنددرجات اور سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے اظہاریکجہتی اور تعزیت پر شیخ رشید احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آپ کا تعزیتی پیغام اور اظہار ہمدردی ایم کیوایم کے کارکنان اور شہید کے سوگوارلواحقین کیلئے حوصلے کا باعث ہے ۔دریں اثناسابق وزیراعظم راجہ پرویز شرف نے بھی ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن فون کرکے الطاف حسین سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بےگناہ عوام کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ،انھوں نے طاہرہ آصف کے سفاکانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الطاف حسین اور سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکیااور کہاکہ اس سے قبل لاہور میں تحریک منہاج القرآن کی خواتین کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کیا گیا اور اب ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کو دن دہاڑے گولیاں مارکر ریاستی دہشت گردی کانشانہ بنایا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، مجھ سمیت میرے خاندان کے تمام افراد آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہید کی مغفرت ،بلنددرجات اور سوگوارلواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے راجہ پرویز اشرف کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں آپ نے ہمارا غم کو بانٹا ہے اس سے ایم کیوایم کے کارکنان اور سوگوارلواحقین کو بہت حوصلہ ملا ہے ، اللہ تعالیٰ پاکستان اور اس کے عوام پر اپنا کرم فرمائے اوربے گناہ شہریوں کے سفاک قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک پہنچائے ۔

مزید خبریں :