20 جون ، 2014
لندن.......پیپلزپارٹی اوورسیز کے صدراورسابق وزیرداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت اور دیگراراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی اور ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف کے سفاکانہ قتل پر پیپلزپارٹی کے کوچیئرپرسن آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہارکیا۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، ایم انور، مصطفی عزیزآبادی، قاسم علی رضا، رکن قومی اسمبلی محمد علی راشد اور سابق رکن قومی اسمبلی وسیم اختر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے محترمہ طاہرہ آصف کے قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الطاف حسین ، ایم کیوایم کے رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی یکجہتی کااظہارکیااور طاہرہ آصف شہیدکی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ سپریم کورٹ کو رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ آصف شہید کے بہیمانہ کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور کم ازکم دو ججوں پر مشتمل کمیشن بناکر قاتلوں اور ان کے سرپرستوں کا سراغ لگانا چاہیے،دہشت گردوں نے پورے ملک میں قتل وغارتگری کابازارگرم کررکھا ہے اگر چند برس قبل الطاف حسین کے خدشات پر دہشت گردوں کے خلاف ایکشن لیاجاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ طاہرہ آصف کو سنگین نتائج کی دھمکیوں کے باوجود حکومت پنجاب کی جانب سے انہیں سیکوریٹی فراہم نہیں کی گئی ،ان کی شہادت پر ایم کیوایم کی قیادت جس کرب و اذیت سے گزررہی ہے حکومت کو اسے محسوس کرنا چاہیے اور دہشت گردوں کو گرفتارکرکے کیفرکردار تک پہنچانا چاہیے ۔ رحمن ملک نے کہاکہ اگر تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں اور طاہرہ آصف شہید کے قاتلوں کوگرفتارنہ کیا گیا تو دہشت گردی کا سلسلہ مزیدبڑھے گا ۔ مذہبی انتہاء پسندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والی جماعتوں کو دہشت گردی کانشانہ بنایاجارہا ہے ، اس سے قبل دہشت گردوں نے محترمہ بے نظیربھٹو کو شہیدکیا،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا،کراچی میں ایم کیوایم کے تین ارکان سندھ اسمبلی کوشہیدکیاگیا اوراب کراچی کے بعد لاہور میں بھی ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پنجابی طالبان اور لشکر جھنگوی کے دہشت گرد پورے پنجاب میں پھیلے ہوئے ہیں لیکن حکومت ان دہشت گردوں کا نام لیتے ہوئے بھی خوف کا شکار ہے ۔رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اظہارتعزیت پر سینیٹررحمان ملک کا شکریہ ادا کیا۔