پاکستان
13 اپریل ، 2012

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی آج ہوگی

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی آج ہوگی

اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کی کارروائی آج جاری رہے گی اور جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں 7رکنی بینچ کیس کی سماعت جاری رکھے گا۔ گذشتہ روز ہونے والی سماعت میں وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن نے عدالتی بنچ کے اختیار سماعت پر پھر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ موجودہ ججز نے وزیراعظم کے خلاف کیس شروع کیا، یہی بنچ سماعت کرے گا تو منصفانہ ٹرائل کی نفی ہوگی۔ چیف جسٹس تو از خود نوٹس لے کر مقدمہ متعلقہ تفتیشی ایجنسی یا ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیتے ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ توہین عدالت کی سماعت کرنے والے ججز کی حیثیت ، شکایت کنندہ کی ہے۔منصفانہ ٹرائل کے اصول کے تحت کوئی شخص اپنے معاملے میں خود جج نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 10- اے کے نفاذ کے بعد ڈیڑھ سو سال پرانا قانون تبدیل ہو گیا ہے۔ بادی النظر میں ججز کا خیال ہے کہ آرٹیکل ٹین اے کے باوجود از خود نوٹس جاری کرنے والے جج صاحبان بنچ میں بیٹھ سکتے ہیں۔ یہ ان کی عبوری رائے ہے جسے تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ جسٹس سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ اگر پوری عدالت کوئی کارروائی شروع کرے تو پھر سماعت کون سا بنچ کرے گا؟یہاں کوئی فرد نہیں بلکہ عدالت سماعت کا اختیار استعمال کر رہی ہے۔ یہ معاملہ کسی جج کی ذات کی توہین کا نہیں بلکہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کا ہے۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صدر کے معاملے میں قومی وقار دکھایاجائے،کل کوئی چیف جسٹس اور آرمی چیف کو بھی طلب کرلے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہونا چاہیئے مگر اس وقت ہو گا جب آئین کے تقاضے پورے ہوں گے اور آصف علی زرداری صدر نہیں ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے اگر فیصلہ دیا کہ یوسف رضا گیلانی کو چھ مہینے کی سزا دی جا رہی ہے تو اس پر عمل ہو جائے گا۔عدالت نے اعتزاز احسن کو آئندہ بدھ تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں :