03 جولائی ، 2014
اسلام آباد......وزیر اعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے تحفظات دور کرنے کے لیے ان سے ملاقات کی۔ تاہم ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان روایتی گرمجوشی نظر نہیں آئی۔ ارشد وحید چودھری کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی ناراضی دور کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ٰپنجاب شہبا زشریف وزیر داخلہ چودھری نثار کی ناراضی ختم کرانے کے لیے خصوصی طور پر لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔ ذرائع نے بتایاکہ شہباز شریف چودھری نثار سے ملاقات سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملے اور اس معاملے پر تفصیلی مشاورت کی۔گزشتہ تین روز میں شہباز شریف کی چودھری نثار سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں یہ دوسری ون آن ون ملاقات تھی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی ۔ اس ملاقات میں شہباز شریف نے چودھری نثار کے گلے شکوے اور تحفظات سنے ۔ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے چودھری نثار کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا ئی تاہم برف مکمل طور پر نہیں پگھل سکی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد چودھری نثار شہباز شریف کو رخصت کرنے پورچ تک تو آئے لیکن دونوں رہنماؤں کے چہرے پر سنجیدگی تھی اور روایتی گرمجوشی بھی غائب تھی۔ملاقات کے بعد شہباز شریف لاہور روانہ ہوگئے۔اس سے پہلے منگل کو بھی شہباز شریف نے وزیر داخلہ چودھری نثار کے ساتھ طویل ملاقات کی تھی جبکہ بدھ کو مسلم لیگ ن کے پچاس سے ساٹھ ارکان قومی اسمبلی نے چودھری نثار سے ملاقات کر کے انہیں راضی کرنے کی کوشش کی تھی۔اس ملاقات میں چودھری نثار نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے اور وزارت داخلہ کے امور سر انجام دینے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم ان کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کا معاملہ بدستور اٹکا ہوا ہے اور اس ملاقات کے بعد ہی اس سارے معاملے کا ڈراپ سین ہو نے کا امکان ہے ۔