03 جولائی ، 2014
کراچی ......ملک کے بالائی علاقوں اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دوروزسے مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، ملک کے اکثر شہروں میں گرمی کی شدت میں کافی کمی آگئی ہے ۔پنجاب کے شہروں میں باران رحمت برس رہا ہے جس سے موسم خوشگوار ہے۔فیصل آباد میں دو روز سے وقفے وقفے سے ساون کی جھڑی نے موسم سہانا کردیا۔ملتان میں شام ڈھلتے ہی آندھی چلنے لگی ۔میانوالی ، لیہ اورسرگودھا میں بارش نے گرمی کازورتوڑدیا اور روزے داروں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی ۔سندھ کے مختلف شہروں میں ابر آلود موسم اور ہلکی بوندا باندی نے گرمی کی شدت کو کافی کم کردیا ۔کراچی میں دن بھر بادل چھائے رہے۔بلوچستان میں موسیٰ خیل اور ہرنائی میں گزشتہ روز گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔خیبر پختونخوا میں بھی گرمی کم ہوگئی،محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔آج سب سےزیادہ درجہ حرارت نواب شاہ میں 43 اور دادو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔