15 اپریل ، 2012
لاہور…پاکستان فلم انڈسٹری کے کا میاب اور مقبول ترین موسیقار امجد بوبی کی آج ساتویں برسی منائی جارہی ہے ۔انہوں نے ہمیشہ نئی اورکلاسیکی دھنیں تخلیق کیں۔امجد بو بی نے اپنے چالیس سالہ کیریئر کے دوران پچاس سے زائدفلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ ان فلموں میں سرگم، گھونگھٹ، گھر کب آوٴ گے، سنگم،چیف صاحب، کبھی الوداع نہ کہنا، دیوانے تیرے پیار کے، لازوال، بھابی دیاں چوڑیاں اور دوسری فلمیں شامل ہیں۔ پاکستانی فلموں کیلئے بمبئی جاکر گیت ریکارڈ کروانے کا آغاز امجد بوبی نے ہی کیا تھا اورجاوید شیخ کی فلم ’یہ دل آپ کا ہوا ‘کے لیے ا نہوں نے بھارتی گلوکار سونو نگم اور کویتا کرشنا مورتی سے گانے گوائے اور پاکستان فلم انڈسٹری میں اس نئے ر جحان کا آغاز کیا۔ ان کا شمارفلمی صنعت کے کا میاب موسیقاروں میں ہوتا تھا۔ شان اور زارا شیخ کی فلم ’تیرے پیار میں‘کا گانا ’ہاتھ سے ہاتھ کیا گیا‘ ان کی موسیقی کے اسٹائل کی بھر پور نمائندگی کرتا ہے۔ آج امجد بوبی ہم میں نہیں ہیں لیکن ان کی ترتیب دی ہوئی خوبصورت دھنیں سننے والوں کو آج بھی اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔