پاکستان
15 اپریل ، 2012

کابل میں حملے، پاکستانی خواتین پارلیمنٹیرینز کا وفد سفارتخانے میں محصور

کابل میں حملے، پاکستانی خواتین پارلیمنٹیرینز کا وفد سفارتخانے میں محصور

کابل … پاکستان کی خواتین ارکان پارلیمنٹ کا وفد کابل میں پھنس گیا، افغانستان میں طالبان کے مسلسل حملوں کے باعث پاکستانی وفد سفارتخانے میں محصور ہوگیا، دونیا عزیز کا کہنا ہے کہ تمام خواتین ارکان پارلیمنٹ محفوظ ہیں۔ پاکستان کی خواتین ارکان پارلیمنٹ کا وفد افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کی جانب سے مختلف عمارتوں پر حملوں کے باعث پاکستانی سفارتخانے میں محصور ہوگیا ہے۔ کابل میں موجود رکن قومی اسمبلی دونیا عزیز نے جیو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خواتین ارکان پارلیمنٹ اس وقت کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں موجود ہیں اور تمام خواتین محفوظ ہیں، سفارتخانے کے حکام نے ہمارا بہت اچھی طرح خیال رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلسل فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں، کلیئرنس کے بغیر سفارتخانے کی عمارت سے باہر نہیں جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ارکان پارلیمنٹ افغان خواتین پارلیمنٹیرینز سے ملاقات کیلئے گزشتہ روز کابل پہنچی تھیں ، ہمارے وفد میں شہناز وزیر علی، آسیہ ناصر، طاہرہ اورنگزیب شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پاکستانی سفارتخانہ طالبان حملوں سے محفوظ ہے اور امید ہے کہ ایک یا دو گھنٹوں میں ہوٹل جانے کی اجازت مل جائے گی۔

مزید خبریں :