15 اپریل ، 2012
کراچی … ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے صدر آصف زرداری کی جانب سے سرائیکی صوبے کے قیام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ صوبے کے قیام کے عوامی مطالبے پر بھی توجہ دی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سرائیکی، ہزارہ صوبے کیلئے جمع کرائے گئے بل پر پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے، صوبہ کے قیام کیلئے عملہ اقدامات شروع کئے جانے چاہئیں۔ رابطہ کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے عوام کا احساس محرومی دور کیا جائے، عوامی مطالبات کو غداری سے تعبیر کرنے کے بجائے ان پرسنجیدگی سے غور کیا جانا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر زرداری کا سرائیکی صوبے کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے، ہزارہ صوبے کے قیام کے عوامی مطالبے پر بھی توجہ دیجائے۔