15 اپریل ، 2012
اسلام آباد … گاڑی کو راستہ نہ دینے پر جوائنٹ سیکریٹری ریونیو ڈویژن بختیار محمد کے ساتھ راجہ پرویز اشرف کے پروٹوکول اسٹاف نے بدتمیزی کی اور گالیاں بکیں ، واقعے کے وقت وفاقی وزیر راجہ پرویز اشرف خود بھی گاڑی میں موجود تھے ۔ جوائنٹ سیکریٹری ریونیو ڈیوژن بختیار محمد نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پروٹوکول میں شامل ڈبل کیبن کے ڈرائیو نے راجہ پرویز اشرف کی موجودگی میں ان سے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں ۔واقعے سے متعلق بختیار محمد نے بتایا ہے کہ وہ ایک راستے سے گزر رہے تھے جہاں گنجائش کچھ کم تھی پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ہارن دیا جس پر انہوں نے گاڑی کو سائیڈ میں کرنے کی کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہوسکے جس پر ڈبل کیبن گاڑی کے ڈرائیور نے انہیں گالیاں بکیں اور انتہائی بدتمیزی سے پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سب کچھ وفاقی وزیر راجا پرویز اشرف کی موجودگی میں ہوا، وفاقی وزیر ڈرائیور کو کچھ کہنے کے بجائے خاموش بیٹھے رہے۔ بختیار محمد کا کہنا ہے کہ اگر وہ مجھے سوری کہہ دیتے تو بات وہیں ختم ہوجاتی، میرے ساتھ میرے اہل خانہ بھی تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے ووٹ سے منتخب ہو کر آئے ہیں ، یہ ہمارے حاکم نہیں خادم ہیں، چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں۔ جوائنٹ سیکریٹری ریونیو ڈویژن بختیار محمد نے انتہائی دلبرداشتہ ہو کر کہا کہ یہ لوگ ایک سرکاری ملازم سے ایسا برتاوٴ کرتے ہیں تو عام آدمی کا کیا حال کرتے ہوں گے، میں ایسی نوکری پر لعنت بھیجتا ہوں۔