15 اپریل ، 2012
کراچی … مسلم لیگ نواز سندھ اور سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنماوٴں کے اجلاس میں سندھ نیشنل فرنٹ کو مسلم لیگ نواز میں ضم کرنے سے متعلق معاملات طے پا گئے ہیں۔ مسلم لیگ نواز سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے جیونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ سندھ نیشنل فرنٹ کو مسلم لیگ نواز میں ضم کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے، سندھ نیشنل فرنٹ کے سربراہ ممتاز بھٹو آئندہ ماہ اپنے آبائی علاقے رتو ڈیرو میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد پارٹی کو ضم کرنے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور سندھ نیشنل فرنٹ کے درمیان تمام امور طے پاگئے ہیں، سندھ نیشنل فرنٹ کی مسلم لیگ نواز میں ضم ہونے کے بعد ہماری جماعت سندھ میں مزید مضبوط ہوگی اور ہم پیپلزپارٹی مخالف ووٹروں کو اپنے ساتھ اکھٹا کرکے اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں۔ سندھ نیشنل فرنٹ کے اعلامیے کے مطابق سندھ نیشنل فرنٹ کو پاکستان مسلم لیگ میں ضم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ معاہدے کے مطابق صوبوں کے حقوق اور وسائل کا تحفظ کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق موجودہ دور میں پاکستان کرپٹ حکمرانوں کی گرفت میں ہے، اقتدار میں آنے کے بعد مالیاتی کمیشن کی طرف سے ملکی خزانے کی تقسیم کے فارمولے پر نظرثانی کریں گے۔