15 اپریل ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ صوبائی حکومت نے شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی میں توسیع کرتے ہوئے گاڑیوں پر سیاہ شیشے اور وزراء کے علاوہ کسی بھی شخص کے منسٹر نمبر پلیٹ کی گاڑی کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص عبدالرزاق جبکہ سٹیلائٹ ٹاوٴن کے چاندی چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص سکندر زخمی ہوگیا،دونوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی میں توسیع کرتے ہوئے گاڑیوں پر سیاہ شیشے اور وزراء کے علاوہ کسی بھی شخص کے منسٹر نمبر پلیٹ کی گاڑی کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کوئٹہ کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، اس فیصلے کے بعد کوئٹہ کی ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کالے شیشے والی 136 گاڑیاں، ڈبل سواری پر 206 موٹر سائیکل، غیر نمونہ پلیٹ والی 78 گاڑیاں اور راہداری والی آٹھ گاڑیاں پکڑ کر تھانے میں بند کردیں۔