15 اپریل ، 2012
پشاور … مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکریٹری اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کیلئے طالبان سے مذاکرات کئے جائیں کیونکہ 10 سالہ جنگ کے بعد امریکا کو بھی طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے۔ پشاور کے علاقے موسیٰ زئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے تباہی کے دہانے پرکھڑے ہیں، پی آئی اے میں لوگ سفر کرنے سے کتراتے ہیں جبکہ ریلوے کی بوگیاں بھی فروخت کی گئی ہیں،حالات اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ وزیراعظم کو بھی عدالت کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ نواز شریف نے ثابت کیا کہ امریکی پالیسیوں کے بجائے ملکی مفادات کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرتے ہیں۔ جلسے سے پیر صابر شاہ اور ن لیگ کے دیگر رہنماوٴں نے بھی خطاب کیا۔