16 اپریل ، 2012
بنوں… بنوں جیل پرشدت پسندوں کے حملے کی تحقیقات کے لئے قائم کردہ کمیٹی نے اپنے کام کا آغازکردیا ہے۔فرارہونے والے قیدیوں میں تحریک طالبان کے اہم کمانڈر نورالدین بھی شامل ہے۔بنوں جیل پرحملے اور387 قیدیوں کے فرارکے بعد وفاقی وزیرداخلہ نے سابق چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا ڈاکٹراحسان اللہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری عالمگیرشاہ اورسیکریٹری تعلیم مشتاق جدون پرمشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس نے متعلقہ جیل حکام اورقیدیوں کے بیانات ریکارڈ کرنا شروع کردیے ہیں، جس کے مطابق حملے کے وقت ڈیوٹی پرموجود 30 اہلکاروں میں 10مسلح اور20غیرمسلح تھے اور63اہلکارڈیوٹی سے غیرحاضرتھے جبکہ جیل میں کئی قیدیوں کے پاس موبائل فون تھے جن کا آزادانہ استعمال کیاجاتاتھا۔ جیل میں فرنٹیرریزروپولیس کے 20اہلکاروں میں سے 14غیرحاضرتھے۔ فرار ہونے والوں میں پرویزمشرف پرخودکش حملے کے ماسٹرمائنڈعدنان رشید کے علاوہ معروف طالبان کمانڈر نورالدین کوفرارکروایاگیاہے۔ اسی طرح پولیس پرحملوں میں ملوث سزائے موت کے قیدی متین اورقتل کے ملزم صفی اللہ اوراعجازبھی فرارہونے والوں میں شامل ہیں۔