17 اپریل ، 2012
واشنگٹن… امریکی فزیشن 'جِم یونگ کِم کو ورلڈ بینک کا نیا صدر چن لیا گیا ہے۔ وہ جولائی میں رابرٹ زویلِک کی جگہ لیں گے جو پانچ برس کی مدت مکمل کرنے کے بعد اس سال جون میں عہدے سے سبکدوش ہوجائینگے۔عالمی بینک کی سربراہی کیلئے کوریائی نژاد امریکی ہیلتھ ایکسپرٹ اور ماہر تعلیم جِم یونگ کِم کا مقابلہ نائیجیریا کے وزیر خزانہ''نگوزی اوکونجو''(Ngozi Okongo-Iweala)اور کولمبیا کے ماہر معاشیات جوز اینٹونیو سے تھا۔ 52 سال کے جِم یونگ کِم جنوبی کوریا میں پیدا ہوئے مگر ان کی پرورش امریکا میں ہوئی۔ انہوں نے ہاورڈ یونی ورسٹی سے میڈیسن اور اینتھروپولوجی میں ڈگریاں حاصل کیں۔ ایڈز اور ٹی بی کے امراض پر قابو پانے کے متعدد پروگرامز کی تشکیل میں انکا اہم کردار رہا۔عالمی بینک کے صدر منتخب ہونے کے بعد جِم یونگ کِم نے لیما میں پیرو کی صدر اولانتا ہومالا سے ملاقات کی۔