17 اپریل ، 2012
اسلام آباد… وفاقی کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج شام ہوگا ، اس میں امریکا سے تعلقات کی نئی مجوزہ پالیسی نیٹو کی معطل سپلائی روٹ سے متعلق غور کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج شام ، اسلام آباد میں طلب کیا ہے ، وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں کمیٹی کے ارکان فوجی سربراہان، وفاقی وزراء شریک ہوں گے، کمیٹی ان پارلیمانی سفارشات پر غور کرے گی جن کی سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مشترکا اجلاس نے گزشتہ ہفتے منظوری دی تھی، سفارشات پر مبنی پارلیمانی قرارداد میں امریکا اور نیٹو سے تعلقات کی نئی پالیسی کے لئے حکومت کو گائیڈ لائنز دی گئی ہیں ، حکومت نے گزشتہ برس سے مہمند ایجنسی کی سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملے کے بعد افغانستان کیلئے پاکستان کے راستے نیٹو کے سپلائی روٹ کو احتجاجا بند کررکھا ہے،اس کی بحالی کیلئے امریکا اور مغربی ممالک ، مسلسل مطالبہ کررہے ہیں۔