17 اپریل ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ کو بتایاگیاہے کہ بلوچستان میں ان تین لاپتا افراد کا پتا لگالیاگیاہے جن کو پیش کرنے کیلئے عدالتی احکامات آئے، چیف جسٹس افتخارچودھری نے ریمارکس دیئے ہیں کہ چاہے کچھ ہوجائے، بلوچستان میں آئین اور قانون نافذ کراکے دم لیا جائے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان میں امن و امان کے مقدمہ کی سماعت کی ، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت کو بتایاکہ صوبائی چیف سیکریٹری نے عدالت کے طلب کردہ 3 لاپتا افراد کے مل جانے کا بتادیا ہے، عدالت نے اس پر چیف سیکریٹری کی رپورٹ آج ہی طلب کرلی، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہاکہ کوئٹہ میں 26 افراد قتل کردئے گئے، وہاں کیا ہورہا ہے، حالات کو کس نے کنٹرول کرنا ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ کوئٹہ میں سرد جنگ ہورہی ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ اتنے فنڈز مل رہے ہیں لیکن کوئٹہ ، مستونگ جیسے کم آبادی والے شہروں میں کنٹرول کیوں نہیں ہورہا؟بعد میں سماعت کے دوران وقفہ کردیا گیا۔