26 اگست ، 2014
لاہور...... امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی اور جمہوری ملک دیکھنا چاہتے ہیں، اس وقت ملک میں سیاسی خلا ہے، ملک کو اشرافیہ سے خطرہ ہے جس نے قوم کو آئین اورانصاف سے محروم رکھا۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی کے 74 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی قومی اسمبلی میں جاگیرداروں کے شہزادے ہی نظر آتے ہیں، سیاسی پنڈت رنگ بدل کر عوام پر مسلط ہیں، آج پاکستان کا دارالحکومت محاصرے میں ہے، سیاسی دہشتگردوں کا خاتمہ کیے بغیر عوام کو حقیقی آزادی نہیں مل سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں سے رابطہ ہے، کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرینگے جس سے آئین ختم ہوجائے، اسٹبلشمنٹ نے مداخلت نہ کرکے قابل تحسین کام کیا ہے۔