26 اگست ، 2014
اسلام آباد......اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ، عمران خان اور طاہر القادری سے گزارش ہے کہ کچھ قدم آگے بڑھیں، رویوں میں لچک لائیں، تاکہ جمہوریت اور آئین کی حکمرانی قائم رہے۔ اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں، ہم صرف جمہوریت کا تسلسل، مضبوطی اور آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ خوش آئند بات ہے کہ سیاسی جماعتیں بردباری اور تحمل کے ساتھ مسئلے کا حل نکال رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری سے بھی گزارش ہے کہ کچھ قدم آگے آئیں، حکومتی جماعت بھی انا کا مسئلہ نہ بنائے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج انا کی قربانی کی ضرورت ہے، حکومتی جماعت قربانی دینے کے لیے آگے بڑھے، کوشش ہے کہ تمام مسائل کا سیاسی حل نکالا جائے۔ ایم کیو ایم کے وفد میں رکن قومی اسمبلی فاروق ستار، بابر غوری، حیدر عباس رضوی اور خالد مقبول صدیقی جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور نوید قمر نے ملاقات کی۔