29 اگست ، 2014
کراچی .......کراچی میں عازمین کی حج ٹرمینل کی بجائےپہلی مرتبہ جناح ٹرمینل سے روانگی شروع ہوگئی ہے جبکہ حج ٹرمینل کی بلڈنگ ایک غیرملکی کارگو کمپنی کو دے دی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اس سال 8 جون کو کراچی ایرپورٹ پر دہشت گرد حملے میں حج ٹرمینل سے متصل غیرملکی کارگو کمپنی کا کارگو کمپلکس مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اس واقعہ کے دو ماہ بعد بھی کارگو کمپلکس کو بحال نہیں کرسکی ۔ خلیجی ریاست سے تعلق رکھنے والی اس کارگو کمپنی کو آپریشن جاری رکھنے کیلئے سی اے اے حکام نے اب حج ٹرمینل حوالے کردیا ہے ۔ جبکہ حج آپریشن کو جناح ٹرمینل منتقل کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق عازمین حج کو جناح ٹرمینل پر وہ خصوصی سہولتیں حاصل نہیں جو انہیں پہلے حج ٹرمینل پر حاصل تھیں خصوصا پورٹر سروس کی کمی کی وجہ سے خواتین اور معمر عازمین حج کو مشکلات کا سامنا ہے ۔