18 اپریل ، 2012
ڈھاکا… بنگلہ دیش کر کٹ بورڈ کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ اسی صورت میں کریں گے،جب آئی سی سی مکمل کلئیرنس دے گی،مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ خیرسگالی کے طور پرہے،کسی لالچ کا عنصر اس میں شامل کرنا درست بات نہیں۔بنگلا دیشی اخبار کو دئے گئے انٹرویو میں بی سی بی کے چئیرمین مصطفی کمال نے کہا کہ ٹیم کا دورہ آئی سی سی کی کلئیرنس سے مشروط ہے ،آئی سی سی اگر پاکستان کی سیکورٹی پر مطمئن ہوتی ہے توبنگلا دیشی ٹیم کو دورہ کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ، پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے سب ہی خواہشمند ہیں اور اگر پہلا قدم بنگلہ دیش اٹھالے تو کوئی مضائقہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی غیر ملکی کوچز اس وقت پاکستان میں ہیں تو یہ کہنا کہ وہاں کرکٹ نہیں ہوسکتی غلط ہے ،اگر آئی سی سی کلئرنس دیتا ہے تو بورڈ آف ڈائریکٹر سمیت کسی کو بھی پاکستان جانے پر اعتراض نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ہوا تو بنگلہ دیش کانام دنیائے کرکٹ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا ،دورہ مکمل خیر سگالی کے طور پر ہوگاجو دونوں ملکوں کے لئے اہم ہے ،پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونی ہے جبکہ ہمارے کھلاڑیوں کے لئے تجربہ حاصل کرنا ہے۔