10 ستمبر ، 2014
لاہور........پاکستان کرکٹ بورڈ نے آف اسپنر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں درستگی کے لئے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق سے رجوع کرلیا۔ آئی سی سی نے غیر قانونی ایکشن ہونے کی وجہ سے سعید اجمل کو بالنگ سے روک دیا۔ سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے پابندی کا فیصلہ سنتے ہی مدد کی پیشکش کردی۔اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ثقلین مشتاق سے رابطہ کرلیا، تاکہ سعید اجمل کے ایکشن کو بہتر کیا جاسکے۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ بورڈ کا ان سے رابطہ کرنا خوش آئند ہے۔ ان کی کوشش ہوگی کہ اس مشکل وقت میں سعید اجمل کی ہر ممکن مدد کریں۔