18 اپریل ، 2012
کراچی … سندھ کے سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری اسکولوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے اور ان اسکولوں کو این جی اوز کی مدد سے مستحکم کرنے کا مقصد معیار کو بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ یہ بات انہوں نے آج کراچی کے علاقے گذری میں سرکاری اسکولوں کو نجی این جی او کی تحویل میں دیئے جانے کی ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔ پیر مظہر الحق نے کہا کہ اب تک کئی اسکولوں کو این جی اوز کی تحویل میں دیا گیا ہے جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تعلیم کی ترقی سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اور موجودہ حکومت بھی اسی پالیسی پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں جس کی وجہ سے ایسے سیکٹرز کی نشاندہی ہوتی ہے جہاں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے پرانا فیصلہ اب تک برقرار ہے تاہم وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے ردو بدل کیا جاسکتا ہے۔