Time 24 جون ، 2025
پاکستان

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز  شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ  محمد  بن  سلمان  سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور   پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر سعودی حمایت پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

اعلامیے کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو کامیاب حج انتظامات پر مبارک باد دی۔ وزیر اعظم نے پاکستانی حجاج کرام کی میزبانی پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر اعظم نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر سعودی حمایت پر شکریہ ادا کیا،  وزیراعظم نے بھارت سے تمام تنازعات پر بامعنی مذاکرات پر آمادگی کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی جیسے امور پر بات چیت پر زور دیا۔ 

وزیراعظم نے ایران اسرائیل تنازع کے فوری خاتمے اور مذاکرات سے حل کی حمایت کی، وزیراعظم نے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری پر زور دیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی خود مختاری اور سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔

اعلامیےکے مطابق  سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی یکجہتی پر اظہار تشکر کیا اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی ولی عہد نے حالیہ تنازع کے پر امن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف بھی کی۔

مزید خبریں :