14 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... عوامی تحریک کےسربراہ نے نعرہ گو نواز گو کرنسی نوٹوں پرلکھنے کی تحریک کا اعلان کر دیا۔ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ جب تک موجودہ حکومتیں ختم نہیں ہوتیں احتجاج جاری رہنا چاہیے۔ طاہرالقادری نے کرنسی نوٹوں پر گو نواز گو لکھ کر تحریک کا خود ہی آغاز کیا۔ انقلاب مارچ کے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کارکنوں کو ہدایت کہ پانچ روپے سے لے کر 5 ہزار کے نوٹ پر گو نواز گو لکھا جائے۔ دکان پر جانے والے ہرکرنسی نوٹ پر گو نواز گو کا نعرہ بھی ساتھ جائے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے کارکنوں کو بھوک ہڑتالی کیمپ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ طاہرالقادری کا کہنا تھا وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ادارے آزاد ہوں،معاشی اور سماجی انصاف ہو ،لیکن سیاسی نظام بدلے بغیر عدالتی نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا۔