18 اپریل ، 2012
کراچی…عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں کارکنوں کی شہادت اور زخمی ہونے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذموم مقاصد کی تکمیل اور اپنے مطالبات کو منوانے کے لیے کراچی کے حالات کو خراب کیا جارہا ہے۔ کراچی میں اے این پی سندھ کے تھنک ٹینک کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہی سید کا کہنا تھا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کے حالات کو خراب کیا جاتا ہے تاکہ ملک کومزید عدم استحکام کی طرف دھکیلا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ ورانہ اور لسانی بنیادوں پر شہر میں خون کا بازار گرم کردیا جاتا ہے ہمارا مالی اور معاشی قتل عام جاری ہے تمام واقعات کی ذمہ داری مکمل طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عائد ہوتی ہے ۔شاہی سید کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک منظم سازش کے تحت کراچی سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تسلسل کے ساتھ جاری واقعات کے پیچھے ہاتھ اور ان کے عزائم کے بارے میں سب جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام کی عدالت میں گئے تو پھر کوئی ذمہ دار عوامی غیظ و غضب سے نہیں بچ سکے گا کارکنان ذہنی و فکری طور پرمزید سخت اور مشکل حالات کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ سانحہ 12 مئی کے بعد سے لیکر اب تک تمام واقعات کے ذمہ داران سے ہر کوئی واقف ہے۔