15 ستمبر ، 2014
اسلام آباد......اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد راجا جواد عباس نے عوامی تحریک کے کارکنوں کی ہلاکت کا مقدمہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب ، 3وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کے خلاف درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ نہیں بنتا،ایس ایس پی آپریشنزعصمت اللہ جونیجو مظاہرین کے حملے میں شدید زخمی ہوئے۔ عدالت نے پولیس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔ پاکستان عوامی تحریک کی درخواست میں وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا،چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کہہ رہی ہے کہ وہ غیر مسلح تھی، کارکنوں کو پنجاب پولیس نے گولیاں ماریں جو وزیراعلیٰ پنجاب کے ماتحت ہے۔