18 اپریل ، 2012
برسلز … ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کو اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے جبکہ لیون پینیٹا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خطرات سے آگاہ ہیں، افغان عوام کامیاب ہوں گے تو ہم کامیاب ہوں گے۔ برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ نیٹو فورسز افغانستان میں امن کیلئے پر عزم ہیں، افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کو دوبارہ اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان کمزور ہوئے ہیں، طالبان کے حملوں میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع و خارجہ کے اجلاس میں افغان صورتحال پر غور کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں خطرات سے آگاہ ہیں، افغان عوام کامیاب ہونگے تو ہم کامیاب ہوں گے۔