پاکستان
16 ستمبر ، 2014

شادی کی تقریب میں وزیر یا رکن رابطہ کمیٹی شریک نہیں ہوگا، الطاف حسین

 شادی کی تقریب میں وزیر یا رکن رابطہ کمیٹی شریک نہیں ہوگا، الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پارٹی میں اصلاح احوال کے سلسلے میں رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کا ایک مشترکہ اجلاس کیا جس میں تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، وزراء اور عہدیداران کو آخری وارننگ دی گئی کہ وہ کارکنان بالخصوص گمنام کارکنان اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں انہیں اپنا نوکر، ہاری یا مزارع نہ سمجھیں۔ الطاف حسین نے ایک اور فیصلہ میں رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ کسی جگہ کوئی بھی شادی وغیرہ کی تقریب ہو وہاں کوئی وزیر یا رابطہ کمیٹی کا ،رکن شریک نہیں ہوگا بلکہ علاقائی سیکٹر کے ذمہ داران، یونٹ کے ذمہ داران، علاقے کا ایم این اے اور ایک ایم پی اے شرکت کرنے کے حقدار ہوںگے۔ اجلاس میں طے کئے گئے ایک اور فیصلے کے مطابق الطاف حسین نے رکن رابطہ کمیٹی کنور خالد یونس کی سربراہی میں ایک Assets Committee تشکیل دی ہے جوکہ پارٹی کے تمام وزراء، سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز اور دیگر تنظیمی ذمہ داران سے شمولیت کے وقت سے لیکر آج تک کے اثاثے کی تفصیل جمع کرکے الطاف حسین کو پیش کرے گی۔اسکے علاوہ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے سینئر ٹیکنوکریٹ اسلام نبی اورسابق رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت کو ڈیفنس کلفٹن ریذیڈنس کمیٹی کاممبر بناکر انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ فی الفور رابطہ کمیٹی سے رابطہ کرکے ڈی سی آرسی کے آفس واقع ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ الطاف حسین نے ارکان قومی اسمبلی علی رضاعابدی ، محمد علی راشد اور ممبر صوبائی اسمبلی سمیتا سیدکو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ ڈیفنس کلفٹن ریذیڈنس کمیٹی کے دفتر میں بیٹھ کر عوامی مسائل سنیں اورانہیں حل کرنے کی ہرممکنہ کوششیں کریں۔

مزید خبریں :