18 اپریل ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے سفارش کی ہے کہ پاکستان اور بھارت سیاچن سے اپنی افواج واپس بلالیں اور سیاچن کو نو مینز لینڈ قرار دیا جائے۔ کمیٹی نے گلگت بلتستان میں ٹارگٹ کلنگ روکنے سے متعلق حکمت عملی کی تیاری کیلئے ان کیمرا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس اسلام آباد میں ریاض فتیانہ کی زیر صدارت ہوا۔ مئی میں ہونیوالے ان کیمراا جلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہوں کو طلب کیا گیا ہے۔ ڈی جی انٹیلی جنس بیورو طارق عمر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے فسادات میں مختلف گروپ شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی جاوید شاہ کا کہنا تھا کہ ہنزہ میں موجود 85 غیرملکی محفوظ ہیں۔ جوائنٹ سیکریٹری داخلہ خوشدل خان نے کمیٹی کے سامنے اعتراف کیا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر قابو نہ پانا وزارت داخلہ کی ناکامی ہے۔