پاکستان
17 ستمبر ، 2014

دھرنوں کے قائد ین نے ملک دشمنوں سے کیا معاملہ طے کیا ہے؟ سعد رفیق

 دھرنوں کے قائد ین نے ملک دشمنوں سے کیا معاملہ طے کیا ہے؟ سعد رفیق

اسلام آباد...... وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دھرنوں کے قائد ین نے پاکستان کے دشمنوں سے کیا معاملہ طے کیاہے؟ دھرنے اور چینی سرمایہ کاری میں براہ راست تعلق ہے، پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو گونگا بہرا کہنا ہی جرم ہے، عمران خان نے دھرنے کوناچ گانوں میں تبدیل کر دیا، مرکزی حکومت کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی، تین سربراہان مملکت پاکستان کا دورہ منسوخ کرچکے ہیں۔ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بلوائیوں کو سیاسی کارکن کہنا سیاسی کارکنوں کی توہین ہے، عدلیہ پر الزامات لگانے والے کس منہ سے عدلیہ سے انصاف کی توقع کررہےہیں، عمران خان نوجوانوں میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں، قادری اور عمران جمہوریت کا ایک بدنما منظر دنیا کو دکھا رہے ہیں، عمران خان کے ساتھ کنٹینر پرکھڑے لوگ چلے ہوئے کارتوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے نواز شریف کا استعفا مانگ رہے تھےاب آئی جی کے پیچھے پڑگئے، وہ اب خود گرفتار ہونا چاہ رہے ہیں، ان کی گرفتاری کی خواہش حکومت پوری نہیں کرسکتی، ہم لوہے کے چنے ہیں،ہمیں چبانے کی کوشش کی تو دانت ٹوٹ جائیں گے، ہماری بوٹیاں نوچنا اتنا آسان نہیں ہے، عمران خان نے کون سے کارنامے انجام دیے تھے جو انھیں لاکھوں ووٹ ملے؟ عمران خان کسی زمانے میں کرکٹ کے ہیرو تھے،اب انھوں نے خود کو ولن بنالیا ہے۔

مزید خبریں :