19 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا ہے۔ وزیراعظم گیلانی نے ایوان صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کی، اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن وامان اور اتحادی حکومت کے امور پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاقی کابینہ میں شامل کئے گئے نئے وزراء سے متعلق اتحادیوں کے تحفظات پر بھی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم گیلانی نے صدر زرداری کو کابینہ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں اعتماد میں لیا، اس دوران امریکا سے تعلقات اور نیٹو سپلائی کی بحالی کے امور پر بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماوٴں نے آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر اتفاق کیا۔