19 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ برسات کی رم جھم سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر موٹر سائیکلیں پھسلنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ افق پر صبح سے ہی گہرے بادل چھائے ہوئے تھے جو باعث وقفے وقفے سے برسنا شروع ہوگئے۔ برسات ہوتے ہی پکوڑوں، سموسوں اور کچوریوں کی دکانوں پر رش لگ گیا دوسری جانب من چلے نوجوان موٹر سائیکلیں لیکر سڑکوں پر آگئے،لیکن پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکل سواروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش ہوگی۔ بارش کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پر بھی پہنچ گئی جہاں انہوں نے بارش اور ساحل کی تیز ہواوٴں کا لطف اٹھایا جبکہ بارش کے ساتھ ہی شہر کی بعض سٹرکوں پر ٹریفک جام ہونا بھی شروع ہوگیا ہے۔