19 اپریل ، 2012
کراچی … کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری سرگرمیاں اتار چڑھاو کا شکا ر رہیں تاہم انڈیکس نے 13 ہزار 900 پوائنٹس کی سطح کو برقرار رکھا۔ جمعرات کو کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور تمام دن ہی مارکیٹ میں اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ جاری رہا۔ سرمایہ کاروں نے درمیانے درجے کی کمپنیوں کے شیئرز میں خریداری کو ترجیح دی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 8 پوائنٹس کمی کے بعد 13 ہزار 929 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 30 کروڑ شیئرز رہا، سب سے زیادہ کام ایزگارڈ نائن کے شیئرز میں ہواجس کی قیمت 13 پیسے کمی کے بعد 9 روپے 36 پیسے ہوگئی۔ دوسری جانب کے ایس ای تھرٹی انڈیکس26 پوائنٹس کمی کے بعد 12 ہزار 179 پوائنٹس پر بند ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جمعہ کو انڈیکس 14 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرسکتا ہے ۔