24 جنوری ، 2012
اسلام آباد…میمو گیٹ تحقیقاتی کمیشن نے وزیر داخلہ رحمن ملک کو طلب کر لیا ہے۔ آج جب کیس کی سماعت شروع ہوئی تو کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی نے استفسار کیا کہ منصور اعجاز کہاں ہے۔ اس پر ان کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ حکومت مشینریوں خاص طور پر وزیر داخلہ رحمن ملک کے بیان جس میں منصور اعجاز کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا عندیہ دیا گیا، منصور اعجاز نے پاکستان آنے کا ارادہ ملتوی کر دیا۔ کمیشن نے استفسار کیا کہ رحمن ملک نے یہ بیان کب دیا؟ اس موقع پر کمیشن کے سربراہ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی نے ریمارکس دیئے کہ رحمن ملک کمیشن کے کام میں مداخلت کر رہے ہیں، ساری دنیا میں انکوائری کو سنا جاتا ہے ، ہمارے یہاں کمیشن کو تماشا بنادیا گیا ہے ۔ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی نے کہا کہ ہم کوئی حکم جاری کرنے سے پہلے رحمن ملک کو سننا چاہتے ہیں، منصور اعجاز ہمارا گواہ ہے، اسکی سیکیورٹی یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ جسٹس فائز عیسیٰ قاضی نے اٹارنی جنرل کے ذریعے وزیر داخلہ رحمن ملک کو ساڑھے گیارہ بجے طلب کرلیا۔