05 اکتوبر ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دبئی میں ایم کیوایم کے رہنماؤں یاکارکنوں کے کسی بھی قسم کے اجلاس کی سختی سے تردیدکی ہے اوراس قسم کی من گھڑت اور خودساختہ خبروںکو سراسرگمراہ کن قراردیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان اچھی طرح جانتے ہیںکہ جب سے تحریک وجود میں آئی ہے اسکے خلاف سازشوں کاسلسلہ جاری ہے ، قلم فروش عناصرنے ماضی میں بھی ایم کیوایم کوکمزورکرنے ،عوام کوگمراہ کرنے اورایم کیوایم کی صفوں میں انتشارپیداکرنے کیلئے طرح طرح کی من گھڑت خبریں شائع کیں اوراپنی زہریلی تحریروں کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کے ذہنوںکو خراب کرنے کی کوششیں کیں لیکن وہ ناکام رہے اورآج بھی جوقلم فروش عناصرایم کیوایم دشمن قوتوں کی ایماء پرایم کیوایم کے خلاف اپنے قلم سے زہراگل رہے ہیں اوراپنی نفرت وتعصب کے جوہردکھارہے ہیں انہوںنے ماضی میں بھی منہ کی کھائی تھی اور اب بھی منہ کی کھائیں گے،ایسے عناصرہی دراصل عوام کے کھلے دشمن ہیں اورعوام کوایسے عناصر سے ہوشیاررہناچاہیے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے سچے کارکنان اورحق پرست عوام اپنی صفوں میں اتحادبرقراررکھیں اوراس بات پر یقین رکھیں کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ ماضی میں ایم کیوایم کوختم کیاجاسکااورنہ ہی اب ختم کیاجاسکتاہے۔