05 اکتوبر ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کوبچانے اوراس کی سلامتی وترقی وخوشحالی کی اگرحقیقتاً کوئی واحدامیدہے تووہ متحدہ قومی موومنٹ ہے۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آبادمیںایم کیوایم اپرپنجاب کے ذمہ داروں اورکارکنوںسے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن میاں عتیق بھی موجودتھے جنہیں حال ہی میں ایم کیوایم پنجاب کا صدربھی بنایاگیاہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ میاں عتیق کو پہلے سینٹرل ایگزیکٹوکونسل اوررابطہ کمیٹی کارکن بنایاگیاتھااوران کی صلاحیتوں کودیکھتے ہوئے انہیں پورے پنجاب کاصدربنایاگیاہے، انہوں نے دعاکی کہ اللہ کرے کہ میاں عتیق ایک کارکن کی حیثیت سے ہمیشہ عملی کام کریں گے اوراپنے عمل وکردار، محنت ولگن اورنیک نیتی کے ساتھ اس طرح تنظیمی کام کوآگے بڑھائیں گے کہ انشاء اللہ آنے والے کل میں پورے پنجاب میں ایک ہی نعرہ گونجے گاکہ مظلوموںکی پہچان اگرہے تومتحدہ قومی موومنٹ ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی سلامتی وبقاء کی ضامن ہے، وہ پاکستان کوترقی کی منزلوں پر پہنچائے گی اورغریب محنت کش طبقہ کے مسائل کو عملی طورپرحل کرکے دکھائے گی اورپاکستان کوقائداعظم اورعلامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بناکردکھائے گی،انھوں نے اس موقع پر موجود ذمہ داروں اورکارکنوں کوعیدالاضحی کی مبارکبادپیش کی اوردعاکی کہ اللہ کرے کہ یہ عیدپاکستان کیلئے نیک شگون ثابت ہو، ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ وڈیرانہ نظام اورغریب ومظلوم عوا م کی محرومی کے خاتمے کی نوید ثابت ہو،کارکن و ذمہ داران عیدالاضحی کے موقع پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں مربوط نظام تشکیل دیںاورلوگوں سے اپیل کریں کہ وہ قربانی کی کھالیں خدمت خلق فاؤنڈیشن کودیں۔ میاں عتیق اوراپرپنجاب کے دیگرذمہ داروں نے بھی الطاف حسین کوعیدالاضحی کی مبارکبادپیش کی اورانہیں یقین دلایاکہ وہ پنجاب میں تحریک کے پیغام کوپھیلانے اوربڑھانے کیلئے محنت ولگن سے کام کریں گے اورپنجاب میں ایم کیوایم کو مضبوط کریں گے۔دریں اـثنا الطاف حسین نے پاکستان سمیت ملت اسلامیہ کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ عید الاضحی تمام مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کیلئے اپنی عزیز ترین چیزوں کی قربانی دینے کا درس دیتی ہے ۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ عید الاضحی سنت ابراہیمی ؑ ہے اور سرکار دو عالم حضرت محمد مصظفی ﷺ نے بھی سنت ابراہیمی ؑ کوجاری رکھا جس سے عید الاضحی کی اہمیت نہ صرف اجاگر ہوتی ہے بلکہ مسلم امہ کو عیدالاضحی کی اصل روح کو سمجھنے کا درس بھی ملتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مخیر اور صاحب حیثیت افراد عید الاضحی کی سچی خوشیاں حاصل کرنے کیلئے سیلاب زدگان ، آئی ڈی پیز ، غرباء ، مساکین ، بیوائوں ، یتیموں اور مستحق افراد کو یاد رکھیں اور ان کی بھر پور مدد کریں ،انھوں نے سندھ ، پنجاب ، خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت امریکہ ، برطانیہ ، یورپی اور خلجی ممالک میں مقیم ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کو عید الاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر حق پرستی کی تحریک کے شہدوں کے لواحقین ، اسیروں اور لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ اور غریب و مستحق افراد کی خبر گیری اور امداد کریں اور انہیں بھی عید الاضحی کی خوشیوں میں شریک کریں ۔علاوہ ازیں ایم کیوایم پنجاب کے نومنتخب صدرمیاں عتیق نے قائد تحریک الطاف حسین کی ہدایت پر خدمت خلق فائونڈیشن کی جانب سے مستحقین میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ایک روایت شکن تحریک ہے جوسیاست برائے خدمت پریقین رکھتی ہے الطاف حسین نے سیاست میں خدمت کو متعارف کرایااور خدمت کے ذریعے ہی سیاست کا راستہ اختیار کیا۔اس موقع پراپر پنجاب کمیٹی کے صدرحاجی عتیق عباسی و اراکین کمیٹی ، ڈسٹرکٹ صدرشیخ خضر حیات راولپنڈی واراکین کمیٹی، ڈسٹرکٹ اسلام آباد کے صدر انیس عباسی و اراکین کمیٹی،سٹی راولپنڈی کے صدر الطاف اعوان و اراکین کمیٹی اور کثیر تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے ۔