07 اکتوبر ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کی آبادی کوہمیشہ ایک سازش کے تحت کم کرکے دکھایاگیااور غیرمنصفانہ حلقہ بندیوںکے ذریعے ان کے سیاسی حقوق پر ڈاکہ ڈالاگیالیکن اب یہ ناانصافیوں اورحق تلفیوںکاسلسلہ زیادہ عرصہ جاری نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے یہ بات آج نوابشاہ میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں قائم کئے گئے خدمت خلق فاؤنڈیشن کےکیمپ پرکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح پریشرککربھی زیادہ پریشرپڑنے پر پھٹ پڑتاہے اسی طرح اگرکسی علاقے کے عوام کوطویل عرصہ تک مسلسل ظلم وناانصافیوں کانشانہ بنایا جائے ، ان کی مسلسل حق تلفی کی جائے اوران کی آواز کوطاقت سے دبایاجائے تو ان کے جذبات بھی پریشرککرکی طرح پھٹ پڑتے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ نوابشاہ اورسندھ کے دیگرشہری علاقوں کے ساتھ مسلسل ناانصافیاں کی جاتی رہیں اورغیرقانونی حلقہ بندیوں کے ذریعے ان کی نشستیں کم کی گئیں تاکہ انہیں ان کے سیاسی حقوق سے محروم رکھاجائے جبکہ دوسری جانب شہری علاقوں کی آبادیاں کم ظاہرکرنے کیلئے ایسے ایسے جعلی گاؤں گوٹھوں کی آبادیاں کاغذات میں دکھائی گئیں جن کاکوئی وجودہی نہیں تھا، جیری مینڈرنگ یعنی حلقہ بندیوںمیں سازشوں کے ذریعے غیرمنصفانہ کانٹ چھانٹ کے جو مصنوعی طریقے اپنائے گئے ہیں وہ وقتی طورپرتوکامیاب ہوسکتے ہیں لیکن یہ ہتھکنڈے طویل عرصے تک کامیاب نہیں ہوسکتے لہٰذاحکمرانوںکوچاہیے کہ وہ یہ مصنوعی طریقے اپنانا چھوڑدیں،انشاء اللہ مصنوعی طریقوں کایہ سلسلہ جلد ہی ختم ہوگا اور سندھ کے وڈیرے جاگیرداروں نے سندھ کے عوام کے ساتھ جوزیادتیاںکی ہیں ان کاخاتمہ ہوگااورجن علاقوں کے عوام کا حق ماراگیاہے انہیں ان کاحق ملے گا، ایم کیوایم کی جدوجہدمیں نوابشاہ کے کارکنوں اورعوام نے بھی بہت قربانیاں دی ہیں اورنوابشاہ کے کارکنان وعوام آج بھی تمام ترمشکلات کے باوجود ثابت قدمی سے تحریکی جدوجہدمیں شامل ہیں۔ اس موقع پر نوابشاہ زون کے کارکنوں کاجوش وخروش قابل دید تھا۔ الطاف حسین کی گفتگوکے دوران فلک شگاف نعرے لگائے اورترانوںاورمختلف اشعارکے ذریعے اپنی محبت وعقیدت کااظہارکیا۔