08 اکتوبر ، 2014
لندن…ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انا یا عہدے کا رعب غرور گھمنڈ کبھی بھی تحریک کے ذمہ داران کے دماغ میں نہیں آنا چاہئے بلکہ ذمہ داران اپنے آپ کو ساتھیوں کا خادم ان کا ہمدرد ، خیرخواہ اور معاون و مددگار سمجھیں۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم اپرپنجاب زون کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ پنجاب کے صدر میاں عتیق بیگ سمیت دیگر عہدیداران و کارکنان نے الطاف حسین کو عید الاضحی کے موقع پر کھالیں جمع کرنے کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔الطاف حسین نے کارکنان کی کارکردگی اور انتھک محنت کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین ، شاباش اور ڈھیروں دعائیں دیں ۔ انہوںنے ذمہ داران و کارکنان کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے ڈیلنگ کرتے ہوئے آپ کا رویہ حاکمانہ یا جارحانہ نہیں بلکہ عاجزی و انکساری کا ہونا چاہیے، یہی تنظیم کا نکھار ہے اور جو کارکنان اس رویہ کو اپناتے ہیں وہ تنظیم و تحریک کی نیک نامی کا باعث بنتے ہیں اور جو اس کو بھول جاتے ہیں وہ تحریک کیلئے باعث ندامت بن جاتے ہیں ۔ ایسے افراد اپنے آپ کو ہزاروں ، لاکھوں عوام کی نظرو ں سے اپنے آپ کو گرا لیتے ہیں ۔ انا یا عہدے کا رعب ،غرور و گھمنڈ کبھی بھی انسان کے دماغ میں نہیں آنا چاہئے بلکہ ذمہ داران اپنے آپ کو ساتھیوں کا خادم اور ان کے ہمدرد ، خیر خواہ ، معاون و مددگار سمجھیں ، الطاف حسین نے ذمہ داران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ تحریک کے کام کو آگے بڑھانے کیلئے عید کے فوری بعد عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں اور تحریک کے پیغام کو پنجاب کے شہر ، گاؤں اور دیہات تک پہنچائیں ۔ انہوںنے نامساعد حالات کے باوجود خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلئے کھالیں جمع کرنے پر ایم کیوایم اپرپنجاب زون کے ذ مہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا ۔