20 اپریل ، 2012
راولپنڈی…راولپنڈی میں چکلالہ کے قریب مسافر طیارہ لینڈنگ سے قبل گرگیا، 127 مسافر سوار ہیں۔ فضائی حادثے کی متضاد اطلاعات کے بعد سول ایوی ایشن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا مسافر طیارہ نجی کمپنی بھوجا ایئر لائن کا ہے، جس میں 127 مسافر سوار تھے۔ جیو نیوز کے نمائندہ طارق ابو الحسن نے بتایا ہے کہ سی اے اے ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن بھوجا ایئر کا طیارہ چکلالہ کے قریب حادثے کا شکار ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق نجی ایئر لائن کی پرواز بی فور۔ 213 شام 5 بجے کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی تھی تاہم ٹریفک کنٹرول سے 6 بج کر 40 منٹ سے طیارے کا کوئی رابطہ نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق کنٹرول ٹاور سے طیارے کو لینڈنگ کیلئے کلیئر کردیا گیا تھاتاہم موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ اب تک طیارہ حادثے کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔