13 اکتوبر ، 2014
کراچی.......18اکتوبرکو کراچی امروھہ گرائونڈمیں شہدائے راہ ولایت کانفرنس ایم ڈبلیو ایم کا تاریخی اجتماع ہوگا۔گلگت، پشاور اور کوئٹہ میں ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کا قتل عام ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے، حکمرانوں نے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے ملک میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ محرم الحرام میں جلوس وعزاداری کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے،ہم اپنا سب کچھ عزاداری کی بقاء کی خاطر قربان کر سکتے ہیں ۔ راولپنڈی سانحے کے تدارک کیلئے حکومت اور قومی ادارے پیشگی حکمت عملی مرتب کریں روٹ کی تبدیلی، جلوسوں کی بندش، عزاداری کی محدودی کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ امین شہیدی نے شہدائے راہ ولایت کی عوامی رابطہ مہم کے حوالےسے گلشن حدید ، پیپری گوٹھ، آثار قدیمہ چوکنڈی، فیوچر کالونی اور جعفرطیار سوسائٹی میں منعقدہ جشن غدیر کے مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پراحسن عباس رضوی ، ثمر زیدی، سعید رضااور اسد زیدی، حسن عباس اور ڈاکٹرحسن جعفر بھی موجود تھے۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردوں کو فری ہینڈ دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب پرامن اور محب وطن لوگوں کو ہراساں کرنے، اْن کیخلاف بے بنیاد مقدمات قائم کرنے اور پابند سلاسل کرنے کا عمل جاری ہے ۔انشا اللہ 18اکتوبر کوعظیم الشان شہدائے راہ ولایت کانفرنس میں ملت جعفریہ اپنی بھر پور قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ دریں اثناء علامہ امین شہید ی نے مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز اور ماتمی انجمنوں کے عہدیداران کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔