پاکستان
16 اکتوبر ، 2014

پاکستان کیلئے شہید ملت نے دولت ہی نہیں جان بھی قربان کردی، الطاف حسین

پاکستان کیلئے شہید ملت نے دولت ہی نہیں جان بھی قربان کردی، الطاف حسین

لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت نواب خان لیاقت علی خان کے قتل کے اصل اسباب پر آج تک پردہ پڑا ہوا ہے اور اگر پاکستان کے حکمرانوں کو ملک کی صحیح سمت اور ترقی کی منازل متعین کرنی ہے تو خان لیاقت علی خان کے قتل سمیت مہاجروں پر کئے جانے والے مظالم ، قتل و غارتگری کے واقعات اور سانحات کی تحقیقات کرکے اصل حقائق سے ملک بھر کے عوام کو آگاہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 63ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید ملت خان لیاقت علی خان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور پاکستان میں غریب و متوسط طبقے کی قیادت کا انقلاب ضرورآئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خان لیاقت علی خان وفا اور خلوص کا پیکر تھے ، ملک و قوم کی بد قسمتی یہ رہی کہ انہیں راولپنڈی کے ایک جلسے میں گھنائونی سازش کے تحت بیدردی سے شہید کردیا گیا اور قتل کی تحقیقات سرد خانے کی نذر کردی گئیں ۔انہوں نے کہاکہ قوم نے لیاقت علی خان کو شہید ملت کا لقب دیا لیکن اُن کے قتل کے اصل اسباب سے قوم آج بھی محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کیلئے خان لیاقت خان نے محنت و لگن ، خلوص نیت اور دلجمعی سے کام کیا اور اپنی تمام دولت ہی نہیں بلکہ اپنی جان بھی ملک و قو م کیلئے قربان کردی جس پر پوری قوم شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ خان لیاقت خان شہید کے قتل کے اسباب اور اس کی تحقیقات عوام کے سامنے لائی جائیں اور ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دینے والے مہاجروں کے خلاف مظالم اور ناانصافی کا سلسلہ بند کرایا جائے اور مہاجروں کے قتل عام کے جتنے بھی سانحات کرائے گئے ہیں ان کی تحقیقات کرکے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ، اس سلسلے میں انصاف کے تمام تقاضو ںکو پورا کرکے ملک کی ایک بڑی طبقہ آبادی میں پائے جانے والے احساس محرومی کی شدت میں کمی کیلئے مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے وفد نے جمعرات کو پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 63ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی اور الطاف حسین کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اورشہیدملت سمیت ر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی ۔ بعد ازاںوفد نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے مراز پر بھی حاضری دی اوربانی تحریک الطاف حسین کی جانب سے گلدستہ بھی رکھا۔ وفد نےبابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی مغفرت ، پاکستان میں امن و امان ،استحکام اور پاکستان کی ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔وفد میں ارکان رابطہ کمیٹی احمد سلیم صدیقی ، رشید گوڈیل ، عار ف خان ایڈوکیٹ ، نسرین جلیل اور معاون رابطہ کمیٹی غازی صلاح الدین موجود تھے ۔

مزید خبریں :