17 اکتوبر ، 2014
کراچی.......مہاجر رابطہ کونسل پاکستان کے صدر یعقوب بندھانی و ارکان مرکزی کابینہ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے مہاجر لفظ کو گالی کہے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ایک مذمتی بیان میں مہاجر رابطہ کونسل کے مرکزی ارکان نے کہاکہ خورشید شاہ اور پیپلز پارٹی کے دیگر متعصب رہنما طاقت کے نشے میں سب کچھ بھلا بیٹھے ہیں اور اپنی مہاجر دشمنی میں اتنا آگے نکل چکے ہیں کے اب مہاجر قوم کا نام آتے ہی ایسے لیڈروں اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھتے ہیں،اور وہ سرکار دوعالم ﷺ کی سنت پر مبنی لفظ کو بھی گالی قرار دیدیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے ملک کے معاشی حب کراچی میں ملک کے دیگر صوبوں بالخصوص سندھ کے دیہاتوں سے آنے والے سندھیوں کے لئے اپنے دلوں میں جگہ بنائی اور انہیںکراچی میں ذریعہ معاش حاصل کرنے کی اجازت دی، لیکن آج مہاجروں کی اس مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرنے کے بجائے ان کے شرعی شناخت کو بھی گالی کہا جارہا ہے ۔ مہا جر رابطہ کونسل پاکستان کی مرکزی کابینہ کے اراکین نے کہا کہ مہاجروں کی وسیع القلبی کو کسی طور کمزوری نا سمجھا جائے کیونکہ اس قسم کا عمل سندھ دشمنی پر مبنی ہوگا اور اس سے مہاجروں اور سندھیوں کے بیچ فاصلوں میں مزید اضافہ ہوگا ۔