21 اپریل ، 2012
لندن… ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ روز چکلالہ ایئر بیس کے قریب نجی فضائی کمپنی کے طیارے کے گرنے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو لاحق پریشانیوں اور مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نجی فضائی کمپنی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین غم سے نڈھال ہونے کے ساتھ ساتھ سہولیات کی عدم فراہمی اور رہنمائی کے عمل سے محروم ہیں جس کے باعث غمزدہ لواحقین کی ذہنی و جسمانی کیفیت بیان سے باہر ہے۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے غمزدہ لواحقین کو اپنے پیاروں کی شناخت، میتیں ایئر پورٹ سے آبائی گھروں تک لیجانے کیلئے خصوصی اقدامات فی الفور بروئے کار لائے جائیں اور انہیں ٹرانسپورٹ کے علاوہ معلومات کیلئے کاوٴنٹر اور میڈیکل سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔