پاکستان
23 اکتوبر ، 2014

نئے صوبوں کے مطالبے کیخلاف سندھ بھر میں ہڑتال

نئے صوبوں کے مطالبے کیخلاف سندھ بھر میں ہڑتال

کراچی...... ایم کیوایم کی جانب سے سندھ میں نئے صوبے بنانے کے مطالبے کے خلاف قومی عوامی تحریک کی جانب سے سندھ میں ہڑتال کی گئی۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت تمام قوم پرست جماعتوں نے ہڑتال کی حمایت کی۔ سندھ میں نئے صوبے بنانے سے متعلق بیانات کے خلاف قومی عوامی تحریک کی کال پر کراچی سمیت صوبے بھر میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کراچی میں قومی عوامی تحریک کے کارکن ایم اے جناح روڈ پر جمع ہوئے جس کے بعد ریلی کی صورت میں پریس کلب پہنچے۔ مظاہرین سے خطاب میں قومی عوامی تحریک سندھ کےصدر مظہر راہو کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں۔ حیدرآباد میں قاسم آباد اور گل سینٹر سمیت دیگر علاقوں میں دکانیں اور پیٹرول پمپ بند رہے۔ نسیم نگر چوک پر قومی عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔دادو اور جام شورو اضلاع کے مختلف شہروں میں ہڑتال رہی۔ قومی عوامی تحریک کے کارکنوں نے ریلیاں نکالی جس میں خواتین بھی شریک تھیں۔ مشتعل افراد نے کھُلی ہوئی دکانوں کو بھی بند کرادیا۔ لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں بھی جزوی ہڑتال رہی۔ قومی عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کے کارکنوں نے مختلف علاقوں میں گشت اور جناح باغ چوک پر مظاہرہ کیا۔ ٹھٹھہ میں شاہی بازار سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سندھیانی تحریک کے کارکنوں نے شہر میں کھلنے والی دکانیں بند کرادیں۔ سکھر میں قومی عوامی تحریک کی اپیل پرجزوی ہڑتال رہی۔ گھنٹہ گھر چوک پر کھلنے والی دکانیں بند کرادی گئیں جبکہ سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک بھی معطل کردیاگیا۔ نواب شاہ میں سکرنڈ روڈ ، اسپتال روڈ اور چکرا بازار میں بھی دکانیں جزوی طور پر بند جبکہ ٹریفک معمول سے کم رہا۔ میرپورخاص اور جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں بھی کاروباری مراکز بند رہے۔ خیرپور، بدین، ٹنڈومحمدخان، پڈعیدن، نوشہروفیروز،شکار پور، کشمور، ٹنڈواللہ یار اور کندھ کوٹ سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی کہیں جزوی اور کہیں مکمل ہڑتال رہی۔

مزید خبریں :